ہمارے بارے میں

ایقاظ کے مددگار بنیں!

مستقبل میں

 

ایقاظ

ہمارے بارے میں

 

 

"ایقاظ" اردو کا ایک سہ ماہی اسلامی مجلہ ہے اور اردو و انگریزی پہ مشتمل ایک اسلامی ویب سائٹ ۔۔اسے چلانے والے کچھ قریب الذہن افراد ہیں نہ کہ کوئی ’تنظیم‘ یا ’جماعت‘۔

"تبدیلی" اور "تحریک" البتہ ایقاظ کا ایک بڑا موضوع ہیں !

"ایمان" ، "عقیدہ" ، "فکر"، "منہج"، "تربیت"، جو کہ "بصیرت" کی اساس ہیں ۔۔۔

"ولاء" اور "براء"، جو کہ "مسلم شخصیت" کی پہچان ہیں۔۔۔

"تحریک" ،"سماجی تبدیلی"، "تہذیبی پیش رفت"، "امر بالمعروف و نہی عن المنکر"، "دعوت"، "تعلیم"، "باطل سے نبرد آزمائی" اور قدیم وجدید "جاہلیت سے دوبدوئی" ، جو کہ "جہاد" کے کچھ اہم ترین ابواب ہیں۔۔۔

"انسانی رشتوں کا پاس"، "محروم ،نادار، پسے ہوئے طبقوں کی خیرخواہی" اور "اعلی قدروں کی ترویج"، جو کہ "مکارمِ اخلاق" کے کچھ اہم مندرجات ہیں۔۔۔

امت اسلام میں "اخوت" اور "وحدت" کے پنپنے اور انسانوں کے گرد کھڑی کردی گئی سب "سرحدوں" کو بے وقعت کردینے کی آواز، سوائے ان "حدوں" کے جو "معبود" کے تعین اور "طرز حیات" کے چناؤ سے وجود میں آتی ہیں۔۔۔

"اہلسنت" وجود کو "بیداریِ امت" کا محور بنادینے کی سعی۔۔۔ "شرک" ، "ابتداع" ، "فسق" اور "انحراف" کے جملہ مظاہر کی تردید و مخاصمت۔۔۔

وہ چند موضوعات ہیں جو آپ کو ہمارے یہاں پڑھنے کےلئے بکثرت ملیں گے!

"ایقاظ" ایک منبر ہے اس "مبارک مشن" میں "تحریری شمولیت" کےلئے جس کا مقصد آج کے "اسلامی تحریکوں" سے وابستہ نوجوانوں کو "عقیدہ" کے ایک "اصیل متوازن منہج" سے آراستہ اور ایک "ٹھوس فکری اہلیت" سے لیس کر دینا ہے۔۔۔

"ایقاظ" ایک کوشش ہے یہاں کے "تحریکی حلقوں" کو "منہجِ سلف" کی "عصری جہتوں" سے ایک مؤثر تر انداز میں روشناس کرانے کےلئے اور "جہاد" اور "اقامتِ دین" کے لئے سرگرم طبقوں میں "عمیق فکر" کے ساتھ ساتھ دین کے اس "روحانی افق" سے آشنائی کرانے کے لئے جوکہ ایک خالص بے ساختہ "مسنون طرز عمل" سے عبارت ہے اور جس کو کہ طریق ہائے بدعت سے کوئی سروکار نہیں۔۔۔

"ایقاظ" مسلم ہند کے اندر جاری اس "فکری اور ثقافتی جدوجہد" میں شرکت کی ایک ادنی سی "کوشش" ہے جس کو یہاں کے "اہلسنت گروہوں" سے وابستہ "تحریکی" و "جہادی" و "سماجی" عمل کی پشت پر ہونا ہے اور جس کو یہاں کے "سب کارکنان اسلام" کےلئے۔۔ان کے "مکاتب فکر کا تمام تر تنوع" برقرار کھتے ہوئے بھی ۔۔ ایک "فکری آرگن" اور ایک "منہجی مرجع" کا کام دینا ہے۔۔۔

"ایقاظ" ایک کاوش ہے "جذبہ" کو "بصیرت" میں مدغم کردینے اور "عمل" کو "علم" سے برآمد کرنے کا "منہج" سامنے لانے کی۔۔۔

"ایقاظ" ایک صدا ہے یہاں کے علمی ودعوتی حلقوں میں اس "فقہِ اختلاف" اور "فقہِ ائتلاف" کو زندہ وبحال کرنے کی جو کہ "اہلسنت" کا ایک "امتیازی خاصہ" اور ان کی "قوت کا تاریخی راز" ہے اور جس کے عام ہو جانے سے حق کی قوتیں اپنے آپس کے ’وہمی معرکے‘ ختم کر کے ایک نئے سرے سے "متحد و صف آرا" ہوں گی اور "اتحاد ویکجہتی" کے ’وقتی‘ و ’سطحی‘ و ’غیر طبعی‘ مظاہر سے نجات پائیں گی اور جس کے نتیجے میں باطل پہ دائرۂ حیات فی الواقع تنگ کیا جاسکتا ہے۔۔۔

ایقاظ "احیائے دین" کے اس عمل سے وابستہ ہے جس کی جڑیں "اصولِ سلف" سے پھوٹیں تو اس کی شاخیں اپنے "دور کی فضاؤں" کے ساتھ ایک "صحت مند تفاعل" کریں۔۔۔

”وما توفیقی الا باللہ علیہ توکلت وھو رب العرش العظیم“

اوپر

ایقاظ کے مددگار بنیں!

 

ایقاظ اگرآپ کی نگاہ میں اس لائق ہے کہ یہ پیغام پھیلایا اور تقویت دیا جائے اور اس کو شش میں اپنا حصہ ڈالنے کے بھی آپ متمنی ہیں تو:

٭رسالہ کو عام کرنے اور مستقل بنیادوں پر دوسروں تک پہنچانے کے امکانات تلاش کیجئے۔

٭اس کے منتخب مضامین اپنے فکری دوستوں کو پڑھائیے۔ چیدہ چیدہ اشیاء فوٹو سٹیٹ یا ڈاؤن لوڈ کر کے دوسروں تک پہنچائیے ۔ڈاک کے ذریعے بھیجئے۔مسجدوں اور لائبریریوں میں پہنچائیے۔

٭رسالہ کے لئے زیادہ سے زیادہ خریدار بنائیے۔ یہ ہماری ایک بہت بڑی مدد ہوگی اور بعض حالیہ مالی بحرانات سے نکلنے میں ایک زبردست اعانت۔

٭ایقاظ کا ویب لنک دوسروں کو بھیجئے۔

٭ایقاظ کے حالیہ و گذشتہ مضامین وقتاً فوقتاً اپنے زیادہ سے زیادہ شناساؤں کو ای میل میں ’فارورڈ‘ کیجئے۔

٭اگر آپ کسی انٹرنیٹ فورم کے ممبر ہیں تو گاہے بگاہے وہاں ایقاظ کے مضامین پوسٹ کردیا کیجئے۔ ایقاظ ویب سائٹ کا لنک دینا مت بھولئے۔

٭آپ کی اپنی کوئی ویب سائٹ ہے تو ہمیں اپنے مجوزہ لنکس میں رکھیے۔کوئی دوسری ویب سائٹ آپ کی رائے کو اہمیت دے سکتی ہے تو اس پر ایقاظ کو مجوزہ لنکس میں جگہ دلوانے کے لئے فرمائش کیجئے۔

البتہ اس سے بھی ایک قدم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو:

٭ہمیں اپنے تاثرات،آرائ،تبصروں،مشوروں اور تنقید سے مطلع فرمائیے۔عام ڈاک کے ذریعے یا پھر ای میل کی وساطت ۔

٭ایقاظ ویب فورم میں شمولیت فرمائیے اور وہاں مفید تبادلہ آراءمیں حصہ لیجئے۔

٭ہمارے ساتھ پالٹاک پر ماہنامہ ملاقات کیجئے۔ یہ مجلس ہر انگریزی مہینے کے پہلے سنیچر پاکستانی وقت کے مطابق رات کے سوا دس بجے منعقد ہوتی ہے۔ سوال وجواب اور گفتگو کی اس صوتی مجلس میں شریک ہو کر ایقاظ کی آواز کو تقویت دیجئے۔

٭ہمیں ایسے سوال بھیجئے جو آپ کے خیال میں ایقاظ کے اندر ابھی تشنہء بحث ہیں۔

٭سب سے اہم یہ کہ اپنے تعارف کے طلبہء علم اور علماء تک ہماری رسائی ممکن بنائیے۔ ایقاظ میں پیش کئے جانے والے افکار کی بابت ان کے خیالات ہم تک پہنچائیے۔ ایقاظ کے لئے یہ امر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کہ اسے اہل علم طبقوں کی سرپرستی حاصل ہو۔

٭اگر آپ اردو یا انگریزی میں لکھ سکتے ہیں تو ہمیں اس سے مطلع کرنے میں براہ کرم ہرگز پس وپیش نہ کیجئے۔ آپ کی کوئی تحریر آپ کے خیال میں ایقاظ کی مجموعی فضاسے ہم آہنگ ہو سکتی ہے تو اسے ہم تک ضرور پہنچائیے۔

٭ہمیں اپنی ایسی صلاحیتوں سے مطلع فرمائیے جو کسی دعوتی یا تعلیمی یا سماجی عمل کے لئے فائدہ مند ہو سکتی ہیں۔ مختلف مفید میدانوں میں ہمیں تعاون دینے میں دلچسپی ہے اور تعاون لینے میں بھی۔

٭اور سب سے ضروری ،ہمارے لئے دعا۔

ہماری اس ویب سائٹ پر آنا جانا رکھئے ۔روز نہیں تو گاہے بگاہے! بعید نہیں آپ کو کوئی کام کی چیز پڑی ہمارے ہاں مل جائے!

اوپر

مستقبل میں

 

ایقاظ نکالنے والے افراد فی الوقت سوائے ایقاظ کے کوئی اورمنصوبہ یا پروگرام نہیں چلا رہے۔ گو ایک پروگرام وہ یہ رکھتے ہیں کہ مستقبل قریب میں پاکستان کے اندر کسی جگہ نمونے کا ایک چھوٹا سا ادارہ قائم کیا جائے جس کے ذریعے اس پیغام کو جو فی الوقت ایقاظ میں بذریعہ ’مجلہ‘ یا ’ویب سائٹ‘ نشر کیا جارہا ہے ممکنہ حد تک ایک ’عملی‘ اور ’براہ راست‘ انداز میں سامنے لایا جائے۔

نمونے کا یہ ادارہ علاوہ ایک تحریکی نیوکلیس کی تیاری پر شب وروز محنت کے،تین سطحوں پر ’عوامی عمل‘ کے دعوتی ماڈل تیار کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ایک انگریزی میڈیم کے پس منظر سے آئے ہوئے طبقے کے لئے۔ دوسرا اردو میڈیم سے آئے شہری طبقے کے لئے اور تیسرا ایک دیہاتی ماحول کے لئے۔ جس کا محور تعلیم، تربیت،سماجی خدمت اور امر بالمعروف ونہی عن المنکر پہ مبنی ایک عصری دستیاب صورت پیداکرنا ہوگا۔

ایسے ادارے کے لئے جس ’ہوم ورک‘ کی ضرورت ہے تاحال اس کا ایک بڑ ا حصہ تشنہء تکمیل ہے جس میں اہم ترین بات کچھ ایسے قریب الذہن افراد کا ایک مناسب تعداد میں دستیاب ہو جانا ہے جو فکری ،منہجی اورسماجی پس منظر میں پختگی کی ایک خاص سطح کوچھو رہے ہوں اور ارادہء عمل سے پُر ہوں۔

یہ پروگرام کس جگہ شروع کیا جائے ،اس کا تعین فی الحال نہیں ہوا ۔ ترجیح یہ ہوگی کہ یہ اسلام آباد میں ہو۔ ورنہ پھر لاہور میں۔ انحصار اس پر ہے کہ اس پروگرام کو مددگار کہاں زیادہ ملتے ہیں۔

کوئی پروگرام یا منصوبہ پہلے سے کہیں روبہ عمل ہے تو اسی کا حصہ بن رہنا یا اسی کے ساتھ مل کر کام کرنا بھی ہمارے لئے ہرگز باعث حرج نہیں بشرطیکہ ہمارے بابین اپروچ اور طریقہء عمل کا اشتراک پایا جائے۔(یہاں البتہ صرف فکری اتفاق کافی نہیں جب تک کہ ’طریقہء عمل‘ کا بھی اشتراک نہ ہو)

کوئی بھی رائے، خیال ،تجویز،مدد،رہنمائی یا حتی کہ حوصلہ افزائی جو آپ کے ہاں سے ہمیں مل سکتی ہو، ہمارے لئے بے حد قابل قدر ہوگی۔

باہمی تعاون کی راہیں دریافت کرنے کے لئے پہلا قدم باہمی رابطہ و اتصال ہی ہوسکتا ہے جس کے بعد ’تعارف‘کی راہ خود بخود نکل آتی ہے اور جو کہ ایک حد کو پہنچنے کے بعد خودبخود ’تعاون‘ میں بدل جاتا ہے !

رابطہ پیش نظر ہو تو اپنے تعلیمی پس منظر، پیشہ، عمر اور صنف کا ذکر کردینا مفید ہوگا۔ اس بارہ میں بھی آپ تجویز دے سکتے ہیں کہ مذکورہ بالا پروگرام کہاں پر شروع کیا جانا مناسب ترہوگا اور یہ ذکر کردینا بھی فائدہ مند ہو گا کہ کس حیثیت میں آپ ایسے کسی پروگرام میں مددگارہوسکتے ہیں۔

ڈاک کے ذریعے رابطہ کیجئے یا ای میل کے ذریعے۔

اوپر