مکمل کتاب PDF فارمیٹ میں

فہرست مضامین۔۔نواقض اسلام

Bookmark and Share

 

PDF Download

 
 

ساتویں بات جس سے آدمی دائرۂ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے

 

 

جادو

 

  اور ‘عملیات’ کرنا  

 

ساتویں بات جس سے انسان کفر کا مرتکب ہوتا ہے جادو ہے۔ جادو میں محبت کے ٹونے بھی آتے ہیں اور کسی محبت سے دل پھیرنے کے بھی، سو جو یہ کام کرے یا اس پر راضی ہو وہ کافر ہو جاتاہے۔

قرآن میں اس کے کفر ہونے کی دلیل یہ ہے۔

وَمَا يُعَلِّمَانِ مِنْ أَحَدٍ حَتَّى يَقُولاَ إِنَّمَا نَحْنُ فِتْنَةٌ فَلاَ تَكْفُرْ (البقرۃ: 102)

”حالانکہ وہ (فرشتے) جب بھی کسی کو اس کی تعلیم دیتے تھے تو پہلے صاف طور پر متنبہ کر دیتے تھے کہ دیکھ ہم محض ایک آزمائش ہیں، تو کفر میں مبتلا نہ ہو“۔

شرح:

نواقض اسلام کے اس ساتویں شعبے میں سحر اور ضعیف الاعتقادی پر مشتمل کفریات اور شرکیات سب آجاتی ہیں۔ جادو کرنے اور کرانے والا شخص بلاشبہ کفر کا مرتکب ہوتا ہے۔ ایسا آدمی اپنی آخرت برباد کر لیتا ہے.... الا یہ کہ وہ اس سے تائب ہو جائے۔

عامل سنیاسی ہمارے شہروں بازاروں میں جگہ جگہ بیٹھے نظر آئیں گے۔ ان کے پاس ضعیف الاعتقاد لوگوں کے ٹھٹھ لگے ہر وقت دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ صریحاً کفر اور جاہلیت کے مظاہر ہیں۔

بہت سے لوگ ان طاغوتوں کے پاس جاتے ہیں۔ ’عمل‘ کرتے بھی ہیں اور کرواتے بھی ہیں۔ عامل لوگ بسا اوقات اس کو جادو کا نام نہیں دیتے۔ یا تو اس لئے کہ جادو ٹونے کا لفظ بدنام ہو گیا ہے اور یا پھر اس لئے کہ جادو کا گناہ ہونا ہر کس وناکس کو معلوم ہے لہٰذا وہی کام اب کسی اور نام سے کیا جائے۔

بہت سے لوگ جادو تب سمجھتے ہیں جب ان کے خیال میں وہ ’کالا علم‘ ہو۔ کسی اور نام سے شیطانی عمل جتنا مرضی ہوتا رہے وہ اس کو ’سفید علم‘ کے نام سے قبول کر لیتے ہیں حتی کہ اس کو شرعاً حرام کہنے سے بھی اتفاق نہیں کرتے۔ یوں نام بدل بدل کر عامل ان کو گمراہ کرتے ہیں۔

یہ گمراہ عامل ایسے بدبخت ہیں کہ بسا اوقات یہ قرآنی آیات کو الٹی ترتیب سے لکھ کر یا پھر قرآنی آیات کو اپنے جادو کے اعداد یا زائچوں کے ساتھ خلط کرکے لوگوں کو کہتے ہیں کہ ان کو قرآنی تعویذ دیئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں نجومی جو __بزعمِ خود__ قسمت کا حال بتاتے ہیں وہ بھی جادوگروں کے حکم میں آتے ہیں۔ یہ ستاروں پر مشتمل زائچے بنا کر اور تاریخ پیدائش وغیرہ کا حساب رکھ کر لوگوںکو غیب کی خبریں اور قسمت کا حال بتاتے ہیں۔ امام محمد بن عبدالوہابؒ اپنی کتاب التوحید میں (باب 24: بیان شیءمن أنواع السحر کے تحت یہ حدیث لے کر آتے ہیں:

وعن ابن عباس رضی اﷲ عنہما قال: قال رسول اﷲ :”من اقتبس شعبۃ من النجوم، فقد اقتبس شعبۃ من السحر، زاد ما زاد“ (رواہ ابوداؤد و اِسنادہ صحیح)

عبداﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا:

”جو آدمی نجوم کا کوئی شعبہ اپناتا ہے وہ دراصل جادو کا ایک شعبہ اختیار کرتا ہے اور اگر زیادہ تو زیادہ (شعبے)“۔

چنانچہ یہ سب دھندے نواقض اسلام میں آتے ہیں۔ ان کا گاہک بن کر آدمی مسلمان نہیں رہتا۔

وَلَقَدْ عَلِمُواْ لَمَنِ اشْتَرَاهُ مَا لَهُ فِي الآخِرَةِ مِنْ خَلاَقٍ (البقرۃ: 102)

”اور (یہ کفر کرتے وقت) انہیں خوب معلوم تھا کہ جو اس چیز کا خریدار بنا، اس کیلئے آخرت میں کوئی حصہ نہیں“۔

ستاروں اور برجوں کا علم اور قسمت کا حال جو اخبارات وجرائد میں یوں بے تحاشا لنڈھایا جاتا ہے .... یہ محض کوئی پرانی طرز کے ضعیف الاعتقاد، دقیانوسی اور ان پڑھ جاہلوں کا امتیاز نہیں۔ اتنی سی ’ایمانیات‘ کی گنجائش ’جدید‘ لوگوں کے ہاں بھی رکھی گئی ہے! مغربی اصطلاحات جاننے والے نجومی ٹامک ٹو اب ’پروفیسر‘ کہلاتے ہیں!

آپ کے یہاں کا شاید ہی کوئی اخبار یا میگزین ہو جو horoscope اور ’آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا‘ کے عنوان کے تحت ایسے کسی نجومی یا پروفیسر پر شیطان کی اتاری ہوئی وحی بڑی باقاعدگی سے شائع نہ کرتا ہو۔ اخبارات وجرائد کو ظاہر ہے جدید پڑھے لکھے چلاتے ہیں۔ ’آئندہ ہفتہ‘ والا صفحہ پڑھنے میں بہت سے جدید تعلیم یافتہ بھی اتنی ہی دلچسپی لیتے ہیں جتنی کہ ان پڑھ اور ’پسماندہ‘ لوگ۔ کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ یہ نجوم اور برجوں پر مشتمل ’قسمت کا حال‘ ہمارے یہاں کے اخبارات وجرائد کا مستقل حصہ کیوں ہے؟ کیونکہ مغرب کے اخبارات وجرائد بھی شیطان کی اس وحی کے شائع کرنے کا باقاعدہ اہتمام کرتے ہیں۔ وہ چھوڑ دیں تو شاید یہ بھی اس پر کچھ بہت زیادہ اصرار نہ کریں گے!

خدا کی آزمائش کہ بعض لوگوں کو ’نجوم‘ کی دی ہوئی مستقبل کی خبروں میں کبھی کوئی چیز سچ نظر آجاتی ہے تو آدمی جتنا مرضی پڑھا لکھا ہو وہ ان کی تصدیق پر مائل ہونے لگتا ہے .... اور شیطان کے چنگل میں پھنس جاتا ہے۔

خدائے واحد پر ایمان کی مٹھاس اور یقین کی ٹھنڈک اور توکل کا لطف صرف ایک موحد لے سکتا ہے۔

 

&&&&&