
|
|
|
|
بسم اللہ الرحمن الرحیم محترم قارئین! ایقاظ کا موجودہ شمارہ تاخیر سے شائع ہو رہا ہے جس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔اس تاخیر میں انتظامی و مالی مشکلات کے علاوہ ملکی اور بین الاقوامی تبدیلیاں اوراس وقت کے تیزی سے بدلتے تشویشناک حالات بھی ایک عامل رہے ہیں۔ ایقاظ کے پڑھنے والے یقیناً اس بات کے منتظر ہوتے ہیں کہ بدلتے حالات میں ایقاظ کا موقف قاری کے سامنے آئے۔ایقاظ کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ جہاں تک ممکن ہو اردو پڑھنے والوں کے لئے حالات و فقہ الواقع اور مبادیِ دین کو مد نظر رکھتے ہوئے معاملات کی شرعی و واقعاتی جہتیں سامنے لائی جائیں۔ آپ اندازہ کرسکتے ہیںیہ اتنا آسان نہیں۔ ایقاظ کا حالیہ شمارہ خود یہ واضح کر سکے گا کہ موجودہ صورتحال ہماری توجہ بلکہ ہماری تشویش کا مرکز رہی ہے اور اس کے پسِ منظر و پیشِ منظر میں جھانکنے کی ہماری یہ متواضع کوشش بہر حال محنت طلب تھی ، خصوصا جبکہ بعض اہم موضوعات پر ہمیں امت کی سطح کی بعض علمی شخصیات کی آراءسے بھی رجوع کرنا ہوتا ہے۔ موسمِ حج کا بھی اس تاخیر میں کچھ حصہ ہے اور پھر کسی حد تک 27 دسمبر کے واقعہ سے متصل حالات کا بھی۔ موجودہ شمارہ دو سہ ماہیوں پر مشتمل ہے اور اس میں تحریری مواد بھی تقریباً دو گنا ہے۔ قارئین نوٹ فرما لیں، پرچے کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ قارئین! ادارہ ایقاظ عقیدہ، فکر، تربیت اور فقہ الواقع وغیرہ ایسے کچھ نہایت اہم موضوعات پر تالیفات سامنے لانے کے جس منصوبے پر عمل پیرا ہے اس میں سے کوئی سات کے قریب تصانیف منظر عام پر آچکی ہیں، جن کی کچھ تفصیل حالیہ شمارے میں دستیاب ہوگی۔ عزیز قارئین! ایقاظ کا خریدار بن کر اور دیگر اصحاب کو خریدار بنا کریا پھر کچھ مزید صورتوں میں متعاون ہوکر نہ صرف آپ ایقاظ کا پیغام عام کرنے میں شریک ہوں گے بلکہ ایقاظ کو درپیش کچھ حالیہ مالی بحرانوں کے معاملہ میں بھی یہ ایک قابلِ قدر تعاون ہوگا۔
|