سرورقسابقہ شمارےمطبوعات ایقاظفورمسمع و بصرہم کونمددگار بنیںرابطہ

فہرست مضامین ایقاظ جولائی 2009

Download in PDF Format

  قارئین کے مراسلے
پند

ت۔ ا۔ کراچی

   

بلاشبہ آج کے دور میں دین پر قائم رہنا تو کجا نبی رحمت کے فرمان مبارک کے مفہوم کے طور پر اس بارے گفتگو کرنا بلکہ کچھ عرصہ بعد سوچنا بھی ہاتھوں میں جلتے ہوئے انگارے لینے کے مترادف ٹھہرے گا ۔ اللہ پاک ہم مسلمانوں کو بہ ظاہر انگاروں مگر دراصل ان پھولوں کو بصد شوق نہ صرف تھامنے بلکہ سینوں سے لگانے کی ہمت ، جرات اور ایمان عطا فرمائیں ۔ آمین یارب العالمین!

تعلیم ، طریقہ تعلیم اور اس کے منہج پر ہمیں مستقل غوروفکر، بحث و مباحثہ اور محاکمہ اور محاسبہ کی ضرورت ہے ورنہ پھر جس طرح امریکی سرپرستی میں آغا خان فاؤنڈیشن ہماری تعلیم کی اصلاح میں سرگرم ہے ، وہ یہود ونصاریٰ کو اعوان و انصار کہیں اور سے نہیں ہماری ہی صفوں سے پیش کرنے کی سعی نامشکور کے علاوہ کچھ اور نہیں ۔ بلکہ اگر ہم عملی طور پر دیکھیں تو یہی ’لارڈ میکائلے ‘ کی ذریت ہر شعبہ میں ان کے خدام کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ بہر کیف دینی حلقوں میں بھی لگتا ہے کہ شرک نقب لگانے میں بڑی حد تک کامیاب رہا ہے ۔ ورنہ اطاعت امیر یعنی سربراہ حکومت کی تعلیمات کا شوروغوغا ہے اور اسی کی گردان ہے وہاں خروج کے متعلق تعلیمات ونصوص منسوخ نہیں ہو گئیں بلکہ موجود ہیں مگر ان پر مذاکرہ کون کرے!

بس بھائی ! با ت اپنی ترجیحات ، اہداف ، مقاصد اور ضروریات کے صحیح تعین اور پھر انہیں دین کے اندر رہتے ہوئے حاصل کرنے کی ہے ۔ نجانے ہم مسلمان ہونے اور کہلانے کے باوجود اپنے دین پر عمل کرنے میں شرماتے کیوں ہیں ؟ شاید ہم ایمان میں تو 70 میں سے کسی درجہ پر ہوں مگر یقین میں صفر ہیں ! اللہ ہماری حفاظت فرمائے اور ایمان و یقین دونوں میں ہمیں اعلیٰ درجات عطا کرے ، آمین یا مسبب الاسباب!

بلاشبہ اسلامی بیداری ، تبدیلی کاشعور اور نئی صف بندی جس کی شروعات Cold War کے زمانے ہی سے واضح تھیں اور اب مغرب کے نظام کی فرسودگی بھی عیاں ہے ۔ اسلام اور مسلمانوں کیلئے نئے امکانات بھی روشن ہیں ۔ ہمارا نظریہ بھی توانا ہے ، ہم میں باحیا ، باہمت اور صالح عناصر کی بھی کمی نہیں لیکن پھر بھی کیا ہمارے اہداف، مقاصد اور لائحہ عمل واضح ہے ؟ کیا ہم نے تبدیلیوں کے وقت پیدا شدہ خلا کیلئے تیاری کر رکھی ہے ؟ ہمارے پاس متبادل دستیاب ہیں ؟ شاید اس کا جواب بڑی حد تک نفی میں ہو ، گو کہ مایوسی کفر ہے اور کفر موت۔ مگر بے جا خواہشوں سے بھی تو مقاصد حاصل نہیں ہوتے!

(ت۔ ا۔ کراچی)